رائے بریلی،12؍اپریل(ایس او نیوز؍یواین آئی) کانگریس کی سابق صدر و یو پی اے کی چیرپرسن سونیا گاندھی نے اترپردیش کے رائے بریلی پارلیمانی حلقے سے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا ۔ رائے بریلی میں پانچویں مرحلے کے تحت6 مئی کو ووٹ ڈالے جائیں گے ۔پرچہ نامزدگی سے قبل سونیا گاندھی نے بیٹی پرینکا گاندھی، بیٹے و کانگریس صدر راہل گاندھی کے ساتھ کانگریس دفتر پر‘ہون’ کیا اور نامزدگی کے لئے کلکٹریٹ روانہ ہونے سے قبل ایک میگا روڈ شو کیا۔سونیا گاندھی نے رائے بریلی سے پانچویں بار پرچہ نامزدگی داخل کیا ہے ۔ اس سے پہلے وہ لگاتار چار بار رائے بریلی کی نمائندگی کرچکی ہیں۔انہوں نے اس سیٹ پر2004، 2006 کے ضمنی انتخابات ، 2009 اور 2014 کے انتخابات میں کامیابی درج کی۔ بی جے پی کی جانب سے دنیش پرتاپ سنگھ رائے بریلی سے سونیا گاندھی کے خلاف انتخابی میدان میں ہیں۔ مسٹر سنگھ کانگریس پارٹی چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہوئے ہیں۔جبکہ سماج وادی پارٹی۔ بہوجن سماج پارٹی اور راشٹریہ لوک دل نے اپنا امیدوار نہ اتارنے کا فیصلہ کیا ہے ۔پرچہ نامزدگی کے بعد سونیا نے میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا رائے بریلی میں کوئی مقابلہ نہیں ہے ۔ ملک کے عوام نریندر مودی کی قیادت والی بی جے پی حکومت سے اکتا چکے ہیں اور انہوں نے اس حکومت کو بے دخل کرنے کی ٹھان لی ہے ۔